خوراک میں خودکفالت پاکستان کو بہت سے معاشی مسائل سے بچا سکتی ہے، کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے فوری اور طویل مدتی اقدامات فوری شروع کیے جائیں ، وزیراعظم محمد شہباز شریف

97

اسلام آباد ۔11مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ ملکی زرعی پیداوار کو بہتر کر کے کے خوراک میں خودکفالت پاکستان کو بہت سے معاشی مسائل سے بچا سکتی ہے،افسوسناک امر ہے کہ پاکستان جیسے زرعی ملک کوزرعی اجناس درآمد کرنا پڑ رہی ہیں،حکومت کپاس کے کاشتکاروں کو انکی فصل کی منافع بخش قیمت کی ادائیگی یقینی بنائے گی۔وزیراعظم آفس کے مطابق ہفتہ کو زرعی ٹاسک فورس کی طرف سے جاری اصلاحات اور کپاس کی آئندہ فصل کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کپاس کی فصل کو منافع بخش بنانے کیلئے ٹاسک دے دیا ۔

وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی کہ زرعی اجناس کی عوام تک فراہمی سمیت فوڈ چین کو بہتر بنانے کے لیے دیگر درپیش مسائل کو جامع حکمت عملی کے تحت موثر طریقے سے حل کیا جائے،وفاقی اور صوبائی سطح پر زرعی تحقیقی اداروں کو فعال بنایا جائے،کاشتکاروں کو معیاری بیج کی فراہمی کیلئے سیڈ سرٹیفیکشن شفاف اور مؤثر بنائی جائے۔وزیرِ اعظم نے جعلی کیڑے مار ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کسانوں کو جعلی کیڑے مار ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے زرعی پیداوار کو بڑھانے کے لئے شروع کی جانے والی زرعی اصلاحات پر کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا ۔اس موقع پر اجلاس کو کپاس کی متوقع فی مجموعی پیداوار کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے اس میں اضافے کیلئے تجاویز سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو کپاس کی سپورٹ پرائس کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے فوری اور طویل مدتی اقدامات پر ابھی سے عملدرآمد شروع کیا جائے، کپاس کی سپورٹ پرائس اعشاریوں، فی ایکڑ لاگت اور کسان کو ذیادہ سے ذیادہ منافع کو ذہن میں رکھ کر طے کی جائے گی۔

وزیرِ اعظم کو تحقیقی اداروں اور بیج کی سرٹیفیکشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے شفاف اور مؤثر سرٹیفیکشن کا طریقہ کار وضع کرنے اور صوبوں کو اس میں اپنا کردار ادا کرنے کا کہا۔ وزیرِ اعظم نے جعلی پیسٹی سائیڈ/کیڑے مار ادویات فروخت کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایات دیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، معاونِ حصوصی جہانزیب خان، وزیرِ اعلی پنجاب سید محسن نقوی اور متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔