اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):ملک میں خوردنی تیل کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے ماہ میں سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024ء میں سویابین اور پام آئل کی درآمدات میں بالترتیب 93.20 اور 13.99 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024ء میں ایک ہزار میٹرک ٹن سویابین آئل کی درآمدات کی ریکارڈ کی گئیں جس پر 1.017 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا۔
گذشتہ سال جولائی میں 1275 میٹرک ٹن سویابین آئل کی درآمد پر 14.99 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ اسی طرح جولائی میں پام آئل کی درآمدات کا حجم 256640 میٹرک ٹن ریکارڈ کیا گیا۔ گذشتہ سال جولائی میں 277801 میٹرک ٹن پام آئل کی درآمد پر 278.93 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ مالی سال کے پہلے ماہ میں اشیاء خوردنی کی مجموعی درآمدات پر 510.44 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گذشتہ سال کی اسی مدت کے 624.80 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 18.30 فیصد کم ہے۔