خوشحال، مستحکم، جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے، نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

141
American experts
American experts

واشنگٹن۔12مئی (اے پی پی):امریکا نے کہا کہ ایک خوشحال اور مضبوط اور جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے اور پاکستان میں جہاں تک سیاسی جماعتوں اور سیاسی رہنمائوں کا تعلق ہے ہمارا کسی ایک سیاسی جماعت یا رہنما کے مقابلے میں کسی دوسری سیاسی جماعت یا رہنما کی حمایت کے حوالے سے کوئی موقف نہیں ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی پریس بریفنگ کے دوران گزشتہ روز ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم پاکستان کی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مفاد ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان ہے جو پاکستان اور امریکاکے تعلقات کے مفاد میں ہے اور ہم دنیا بھر میں جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کسی مخصوص یا پسندیدہ امیدوار یا سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتا چاہے اس کا تعلق پاکستان بلکہ دنیا بھر کے کسی بھی حکومتی نظام سے ہو۔

ترجمان نے کہا کہ ایک خوشحال،مضبوط اور جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے اور ہمارے اس موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ نائب ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے بعض شعبوں صحافت کی آزادی، انسانی حقوق اور اس نوعیت کے دیگر مسائل کو نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک میں بھی اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل بات چیت کی ہے اور ان مسائل پر قابو پانے کے لیے ہمارے پاس پیش کش کا نقطہ نظر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ امریکا سلامتی، قابل تجدید توانائی، ماحولیاتی بحران اور زرعی تجارت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور ایک مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان سے ہمارا یہی مطلب ہے جو امریکی مفادات کے لیے اہم ہے۔