خوشی ہے میرا ریکارڈ ایک بھارتی کرکٹر نے توڑا ، سچن ٹنڈولکر

90
سچن ٹنڈولکر

ممبئی۔15نومبر (اے پی پی):بھارت کے لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ میرا سنچریوں کا ریکارڈ ایک بھارتی کرکٹر نے توڑا۔ بدھ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں سابق بھارتی کپتان ٹنڈولکر نے ویرات کوہلی کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ پہلی بار جب میں آپ سے بھارتی ڈریسنگ روم میں ملا تھا تو میرے پیروں کو چھونے پر دوسرے ساتھیوں نے آپ کے ساتھ مذاق کیا تھا،

میں اس دن اپنی ہنسی نہ روک سکا۔ لیکن جلد ہی آپ نے اپنی مہارت اور لگن سے میرے دل کو چھو لیا۔ سچن ٹنڈولکر نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ وہ نوجوان لڑکا بڑا ہو کر ”ویرات” (بڑا) کھلاڑی بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہوئی کہ ایک بھارتی کرکٹر نے میرا ریکارڈ توڑا اور یہ کارنامہ دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے سٹیج پر، ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے موقع پر اور میرے ہوم گرائونڈ میں سرانجام دیا۔