پشاور۔ 14 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خون عطیہ کرکے انسانی جانیں بچانےوالوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ عالمی بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایک بوند خون کسی کی زندگی بچا سکتی ہے، کسی ماں کی گود اجڑنے سے بچ سکتی ہے اور کسی بچے کو جینے کا حق دے سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج میں ان تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جو رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرکے انسانی جانیں بچانے کا عظیم فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ خون کا عطیہ ایک ایسا عمل ہے جو نہ صرف انسانی ہمدردی کا مظہر ہے بلکہ معاشرتی یکجہتی اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بلڈ ڈونیشن کی اہمیت کو سمجھیں اور باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے کو اپنی سماجی ذمہ داری سمجھیں، صحت مند افراد کے لیے خون عطیہ کرنا نہ صرف محفوظ ہے بلکہ انسانی خدمت کا سب سے نفع بخش ذریعہ بھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم یہ عہد کریں کہ ہم خون عطیہ کرکے نہ صرف زندگیاں بچائیں گے بلکہ ایک صحت مند، پرامن اور باہمی ہمدردی پر مبنی معاشرہ تشکیل دیں گے۔