خیابان سرسید گلاب پارک کی تزئین و آرائش مکمل، شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم

ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیرِ انتظام خیابان سرسید میں گلاب پارک کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی کا کام مکمل کر لیا گیا جہاں شہریوں بالخصوص فیملیز اور بچوں کے لیے بہتر تفریحی سہولیات فراہم کی گئی ہیں

راولپنڈی۔6اکتوبر (اے پی پی):ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیرِ انتظام خیابان سرسید میں گلاب پارک کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی کا کام مکمل کر لیا گیا جہاں شہریوں بالخصوص فیملیز اور بچوں کے لیے بہتر تفریحی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔پی ایچ اے ترجمان کے مطابق پارک کی گرین بیلٹس، پھولوں کی کیاریوں، پودوں اور دیگر ہارٹیکلچر ورک کو بہتر بنانے کے ساتھ صفائی اور دیکھ بھال کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں

سرسبز لانز اور خوبصورت پھولوں سے پارک کی مجموعی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ترجمان کے مطابق ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر شہر کے پارکس اور گرین بیلٹس کی بحالی و خوبصورتی کا سلسلہ جاری ہے۔ ’’سرسبز راولپنڈی‘‘ وژن کے تحت شہریوں کو صحت مند تفریحی ماحول کی فراہمی، شجرکاری کے فروغ اور گرین اسپیسز کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔