پشاور۔ 25 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) خیبر سلیم عباس کلاچی نے خیبر کے دور افتادہ علاقہ وادی تیراہ میں بھی ڈی آر سی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔خیبر پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حلف برداری کی تقریب میں ایس پی انویسٹیگیشن کمال حسین اور ڈی ایس پی سرکل سوالزار خان و ایس ایچ او تیراہ سید خان اور دیگر پولیس حکام ،ڈی آر سی ممبران اور علاقہ عمائدین نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی انویسٹیگیشن کمال حسین کہا کہ آئی جی خیبرپختونخوا اور سی سی پی پشاور کے خصوصی دلچسپی کے پیش نظر ضلع بھر میں ڈی آر سی کو فعال بنایا جارہا ہے، کسی بھی نوعیت کے تنازعات میں فریقین کو مصالحتی کونسل کے پاس بھیجا جائے گا اور مصالحتی کونسل کے ممبران فریقین کے مابین غیر جانبداری،انصاف پر مبنی مصالحتی کردار اداکرے جس سے تنازعات حل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آر سی کے قیام سے عوام اور پولیس میں فاصلے کم ہوں گے اور جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر کے تمام سرکل میں ڈی آر سی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔مشران مصالحتی کونسل ممبران نے کہاں کہ ڈی ار سی کے قیام سے تیراہ کے غریب شہریوں کو مفت اور بروقت انصاف کی فراہمی یقینی ہو جائیگی ۔ ڈی آر سی ممبران نے قبائلی عمائدین کے دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر ڈی پی او سلیم عباس کلاچی اور پولیس کے اعلیٰ حکام کے کاوشوں کو سراہتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا۔