خیبرپختونخوا،بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ،پی ڈی ایم اے نے نیا مراسلہ جاری کردیا

147
PDMA
PDMA

پشاور۔ 27 فروری (اے پی پی):محکمہ موسمیات کی جانب سے خیبرپختونخوا میں بارشوں،تیز ہواؤں اور بالائی اضلاع میں برفباری کا ایک اور سلسلہ 29 فروری سے شروع ہونے کی پیشگوئی کے بعد پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کےلیے نیا مراسلہ جاری کردیا۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان کی جانب سے جاری مراسلہ میں بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلہ کے مطابق بارشوں سے پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی و فلیش فلڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، برفباری اور بارشوں سے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، ضلعی انتظامیہ چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنائے، طوفان کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائین بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے،حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔

حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے، اس دوران ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنایا جائے۔ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیاجائے۔مراسلہ کے مطابق بارشوں اور برفباری کا سلسلہ 3 مارچ تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔