اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مختلف علاقوں کے لیے مون سون بارشوں اورممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔ خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں 5 سے 8 جولائی کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہائو میں اضافہ جبکہ منسلکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کے بہائو میں اضافے کے باعث نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پید ا ہونے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلاب گلوف
لینڈ سلائیڈنگ سمیت نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے، لاہور، سیالکوٹ اور نارووال میں شہری سیلاب جبکہ ڈی جی خان اور راجن پور کے ہل ٹورنٹس میں پانی کے بہائو میں اضافہ متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، گجرات اور نارووال کے نالوں بشمول ایک، ڈیک، بیئن اور پلکھو میں پانی کے بہائو میں اضافہ متوقع ہے۔ لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بارش اور تیز ہوائوں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ این ڈی ایم اے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہوسکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں اچانک اضافہ ہو سکتا ہے جس کے لئے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔