پشاور۔ 09 مئی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے ترقیاتی فنڈز کی مد میں ایک ہزار ملین روپے جاری کر دیئے، جو کہ 21 اہم منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کی جانب سے صوبے بھر میں ہسپتالوں، ٹراما سنٹرز اور بیماریوں کے نگرانی کے نظام کی بہتری کیلئے ایک ہزار ملین روپے جاری کر دیئے ہیں، اس بارے میں جاری اعلامیہ کے مطابق یہ فنڈز صحت کے 21 اہم منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے۔
ان اہم منصوبوں میں ہسپتالوں کی تعمیر، ٹراما سنٹرز کا قیام اور بیماریوں کے نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانا شامل ہے، بنیادی صحت مراکز اور دیہی صحت مراکز کی بہتری کیلئے جاری رقم کے تحت بنیادی صحت مراکز کو رورل ہیلتھ سنٹر میں تبدیل کرنے کیلئے 45.196 ملین روپے جس میں بی ایچ یو کودینکہ کیلئے15.196 ملین روپے اور بی ایچ یو میرہ سوڑیزئی کیلئے 30 ملین روپے شامل ہیں۔
پچاس دیہی مراکز صحت کو ہفتے کے ساتوں روز 24 گھنٹے فعال بنانے کیلئے 20 ملین روپے اور200 بنیادی مراکز صحت کو چوبیس گھنٹے فعال بنانے اور اس میں لبر رومز کی سہولیات دینے کیلئے بھی 20 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں۔مردان میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال کیلئے 20 ملین روپے، کوہاٹ میں خواتین اور بچوں کے ہسپتال لیاقت میموریل ٹیچنگ ہسپتال کی تعمیر نو کیلئے 45 ملین روپے،ڈی ایچ کیو ہسپتال لکی مروت میں ٹراما سنٹر کیلئے 20 ملین روپے، مینگورہ سوات میں ٹائپ ڈی ہسپتال کیلئے 35 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں۔
ھر مختلف ہسپتالوں میں کیتھ لیب کے قیام کیلئے 110 ملین روپے جس میں ایم ٹی آئی ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈی آئی خان شامل ہے، بنوں، مردان اور کوہاٹ میں محفوظ خون کی منتقلی کے مراکز کیلئے 80 ملین روپے ، سائیکلو ٹرون پراجیکٹ کی بہتری کیلئے 50 ملین روپے، بیماریوں کی نگرانی اور عوامی صحت کے جن منصوبوں کیلئے پیسے جاری کئے گئے ہیں۔
محکمہ صحت نے ترقیاتی فنڈز کی مد میں ایک ہزار ملین روپے جاری کر دیئے، ان منصوبوں میں مربوط بیماری نگرانی نظام کیلئے 3 ملین روپے ، مائوں، نوزائیدہ بچوں اور بچوں کی صحت، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور غذائیت کے پروگراموں کو مربوط کرنے کیلئے 147.132 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں تعلیمی اور بحالی کے منصوبوں کی مد میں مختص بجٹ میں صوبے بھر میں 9 نرسنگ سکولوں کو نرسنگ کالجوں میں تبدیل کرنے کیلئے 70.220 ملین روپے، معذور افراد کی بحالی کی خدمات کو مضبوط بنانے کیلئے 22.5 ملین روپے جاری ہوئے ہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594831