خیبرپختونخوا اسمبلی میں صدارتی انتخاب کےلیے پولنگ شروع ہوگئی

163
خیبرپختونخوا اسمبلی میں صدارتی انتخاب کےلیے پولنگ شروع ہوگئی

پشاور۔ 09 مارچ (اے پی پی):خیبر پختونخوا اسمبلی میں صدارتی انتخاب کےلیے پولنگ شروع ہو گئی ہے جس میں صوبائی وزیر ارشد ایوب نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں صدارتی انتخاب کےلیے پولنگ اسٹیشن چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ابراہیم خان کی نگرانی میں قائم کر دیا گیا ہے۔

اب تک چھ ووٹ کاسٹ ہو چکے ہیں۔ اراکین صوبائی اسمبلی صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 107 ارکان صدارتی انتخاب میں حصہ لیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام کے 9 ارکان نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

صدارتی انتخابات میں وفاقی اتحادی حکومت کے امیدوار آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی کے درمیان مقابلہ ہے۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی آصف علی زرداری کے پولنگ ایجنٹ ہیں جبکہ صوبائی وزیر مینا خان محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے 91 ارکان محمود خان اچکزئی کے حق میں ووٹ دیں گے. پاکستان مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی پی کے ارکان آصف علی زرداری کے حق میں ووٹ دیں گے۔ پرامن انتخابات کے انعقاد کےلیے 350 سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔