خیبرپختونخوا حکومت بہادر ہیروز کی تاریخ کو فروغ دینے کے لیے بالاکوٹ میں سیاحتی مرکز قائم کرے،صدر ڈاکٹر عارف علوی کا ٹویٹ

78
صدر مملکت

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت سے کہا ہے کہ وہ بہادر ہیروز کی تاریخ کو فروغ دینے کے لیے بالاکوٹ میں سیاحتی مرکز قائم کرے۔ صدر مملکت نے جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انگریزوں اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے والے شہید ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے1831ءکے بالاکوٹ کے شہدا، سید احمد بریلوی اور شاہ اسماعیل کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خیر پختونخوا حکومت کو ہدایت کی ہے کہ بالاکوٹ میں سیاحتی مرکز قائم کیا جائے تاکہ پاکستانیوں کو تاریخ آزادی اورہمارے بہادر ہیروز کی داستانوں سے آگاہ کیا جاسکے۔

صدر مملکت نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس میں انہیں بالاکوٹ کے شہداءکی قبروں پر فاتحہ خوانی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ ان شہدا میں سید احمد بریلوی اور شاہ اسماعیل شامل ہیں۔