خیبرپختونخوا حکومت نے غیر ملکی مقیم کے انخلا کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے

150
خیبرپختونخوا حکومت نے غیر ملکی مقیم کے انخلا کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے

پشاور۔ 26 اکتوبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا حکومت نےغیر ملکی مقیم کے انخلا کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے۔ نگران وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ یکم نومبر تک یہ افراد رضاکارانہ طور پر واپس جاسکتے ہیں، صوبائی حکومت ان کی ہر ممکن مدد کرے گی،ابھی تک ساٹھ ہزار کے قریب غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی تورخم سے واپس جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یکم نومبر سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں متعین مقامات سے واپسی عمل میں لائی جائے گی، ان مقامات پر انتظامیہ قانون و روایات کے مطابق عارضی قیام و طعام اور بوڑھوں، بچوں اور خواتین کا بھر پور خیال رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ فی الوقت پشاور، ہری پور اور لنڈی کوتل میں عارضی مقامات تیار کئے جارہے ہیں،دوسرے صوبوں سے آنے والے غیر ملکیوں کے لئے بھی پروگرام مرتب کیا گیا ہے،ان عارضی مقامات پر ڈاکٹرز کی عارضی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ادویات اور صحت کی دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پر امید ہے کہ ان افراد کی واپسی خوش اسلوبی سے ہوگی، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے عمل میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،شہریوں سے اپیل ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو نہ پناہ دی جائے اور نہ انہیں کاروبار میں شریک کیا جائے۔