
پشاور۔ 14 جنوری (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا اورغیرمعیاری خوراکی اشیاء تیار کرنے میں ملوث بڑے کارخانوں ، ہول سیل ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیاں کیں۔
ترجمان خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم پشاور نے سوشل میڈیا پرایک ویڈیو وائرل ہونے پرمہمند اکنامک زون میں واقع گھی مل پر اچانک چھاپہ مارا، گھی مل سے نمونے ٹیسٹ کیے گئے اورنتائج غیرتسلی بخش قرارپانے پرٹیم نے موقع پرغیرمعیاری 10 ٹن گھی ضبط کر کے کارخانے کو سیل کر دیا،
اسی طرح چارسدہ روڈ پرواقع ایک مصالحہ فیکٹری میں کاروائی کے دوران فیکٹری سے 2100 کلومضر صحت غیرمعیاری مصالحہ جات سرکاری تحویل میں لے کرفیکٹری کو سربمہر کر دیا گیا ، دوسری جانب ترجمان نے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم سوات نے خفیہ اطلاع موصول ہونے پر تحصیل کبل میں مصالحہ جات کے کارخانے پر چھاپا مارا، کارخانے میں دوملٹی نیشنل کمپنیوں کے نام سےجعلی مصالحہ پیک کیا جا رہا تھا ،
کارخانے سے 2 ہزار کلو گرام سے زائد جعلی مصالحہ جات اور پیکنگ میٹرئیل برآمد کرکے ضبط کر کے کارخانہ سیل کر دیا گیا ، ترجمان کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم ڈی آئی خان نے بھی کاروائی کے دوران ایک ڈسٹری بیوٹر سے 7 ہزارلیٹرسے زیادہ زائد المیعاد منرل واٹراورسات سو لیٹرکاربونیٹیڈ ڈرنکس پکڑ کرسرکاری تحویل میں لےلیا،
ڈائریکٹرجنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی شفیع اللہ خان نے کامیاب کاروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو داد دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں انڈسٹریز،ہول سیلرز اور ڈسٹریبیوٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے اورمضر صحت خوراک کے کاروبارمیں ملوث افراد کے خلاف سخت تادیبی کاروائی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔