سوات۔ 05 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سیفران اور امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کےلیے صوبے میں امن ناگزیر ہے۔
اتوار کو سوات مالم جبہ میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں نے ملک کےلیے عظیم قربانیاں دی ہیں اور صوبے کے دیرپا امن اور معاشی خوشحالی کےلیے اس کے نوجوانوں کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا مجموعی استحکام اور خوشحالی خیبرپختونخوا کے امن سے وابستہ ہے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ دہشت گردی خیبرپختونخوا کو درپیش بڑے چیلنجز میں سے ایک ہے اور اس لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کےلیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کو اولین ترجیح دی ہے اور "اڑان پاکستان” نے نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کے صوبے کے دوروں کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی مشکل حالات آئے خیبر پختونخوا کی عوام اپنے ملک کے دفاع کےلیے مضبوط چٹان کی طرح کھڑہ رہی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سوات کی عوام کی قربانیوں کی بدولت مالاکنڈ ڈویژن میں دہشت گردی کو شکست ہوئی ہے اور یہاں قومی پرچم سربلند ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے بھی کئی دہشت گرد حملوں کا ثابت قدمی سے سامنا کیا اور ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا کہ جب اس وقت کے وزیراعظم محمد نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا تو خیبرپختونخوا کی عوام نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے بڑی احتجاجی ریلیاں نکالیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے عدالتوں میں تمام مقدمات کا سامنا کیا اور ان کے خلاف الزامات غلط ثابت ہونے پر بری کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کا فیصلہ عدالتیں کریں گی نہ کہ مذاکراتی کمیٹی۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا میں دوسری بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری تھی اور ان کی جماعت کو آج خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا اہم عہدہ حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں نے بھی 1947 میں پاکستان کے حق میں ریفرنڈم میں ووٹ دیا تھا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ دوسری طرف پی ٹی آئی کی جانب سے خیبرپختونخوا کے عوام کو تیسری بار نام نہاد تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا گیا جہاں ناقص گورننس، کرپشن کی لعنت اور اشتعال انگیز سیاست پر مالی وسائل کے بے دریغ استعمال کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں نمایاں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا اگر خیبرپختونخوا کو ملنے والے این ایف سی ایوارڈ کا حصہ اسلام آباد پر چڑھائی کی بجائے خیبر پختونخوا میں عوامی فلاح و بہبود، محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس کو مضبوط بنانے پر استعمال کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا عوام کی فلاح و بہبود نہیں بلکہ مخصوص فرد کےلیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جو خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم دے سکتی ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے جس نے مختصر عرصے میں بین الاقوامی محاذ پر پاکستان کا تشخص نمایاں طور پر بہتر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان میں واپس آنا شروع ہوئی، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا اعتماد بحال ہوا، سٹاک ایکسچینج نے ریکارڈ ترقی حاصل کی اور شہباز شریف حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے قیمتوں میں کمی آئی۔
انجینئر امیر مقام نے امید ظاہر کی کہ رانا مشہود خیبر پختونخوا میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی پر خصوصی توجہ دیں گے اور ان کےلیے خصوصی منصوبے شروع کریں گے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔