خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے مزید دو کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد پانچ ہوگئی

78
خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے مزید دو کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد پانچ ہوگئی

پشاور۔ 07 مارچ (اے پی پی):خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے مزید دو کیسز سامنے آنے کے بعد رواں سال 2025 میں صوبے میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ افراد میں ایک 42 سالہ شخص اور ایک 20 سالہ نوجوان شامل ہیں، جن کا تعلق پشاور سے ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق 20 سالہ نوجوان کا کیس مقامی سطح پر رپورٹ ہوا ہے، جبکہ 42 سالہ متاثرہ شخص گزشتہ سال سعودی عرب سے آیا تھا۔ دونوں مریض خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں علاج کے لیے گئے تھے، جہاں شک کی بنیاد پر ان کے ٹیسٹ کیے گئے، جو آج مثبت آئے۔

مشیر برائے صحت احتشام علی کے مطابق دونوں مریضوں کو گھروں میں آئسولیٹ کر دیا گیا ہے اور ان کی طبیعت تسلی بخش ہے۔

مزید برآں، متاثرہ مریضوں کے گھروں میں کسی اور فرد میں ایم پاکس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔ محکمہ صحت عوام کو ہدایت کرتی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، مشتبہ علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر قریبی صحت مرکز سے رجوع کریں، اور غیر ضروری میل جول سے گریز کریں تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔