پشاور۔ 15 نومبر (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی مشترکہ صدارت میں خیبرپختونخوا میں بین الاقوامی ترقیاتی پارٹنرز کے تعاون سے جاری منصوبوں کا جائزہ اجلاس جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندوں، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں، پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور متعلقہ امور پر اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں زراعت، ایریگیشن، سیاحت، روڈ انفراسٹرکچر، اکنامک کاریڈور، ہائیڈرو پاور، فلڈ اسسٹنس کے ہنگامی نوعیت کے منصوبوں، اربن موبیلیٹی، ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ، رینیویبل انرجی، انسٹیٹیوشنل سپورٹ، دیہی معاشی ترقی، نیشنل ہیلتھ سپورٹ، متاثرہ سکولوں کی بحالی، صاف پانی کے گریوٹی اور ایفارسٹیشن سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز نے خیبرپختونخوا میں جاری منصوبوں میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور پراجیکٹ ڈائریکٹرز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے فلڈ اسسٹنس کے ہنگامی نوعیت کے منصوبوں کو فاسٹ ٹریک میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے انتظامی سیکرٹریوں اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ وہ محکموں میں بین الاقوامی ترقیاتی پارٹنرز کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور پیشرفت ٹائم لائن کے مطابق یقینی بنائیں۔