راولپنڈی۔28اکتوبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے دو علیحدہ واقعات میں 2 فوجی جوان شہید ہو گئے جبکہ اس دوران ایک دہشت گرد جہنم واصل اور 2دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق خیبر کے ضلع تیرہ کے عمومی علاقے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کر دیا گیا، جب کہ دو دہشت گرد زخمی ہو گئے اور انہیں سکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز میں کہا کہ ان دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور علاقے میں معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ ایک اور واقعے میں جنوبی وزیرستان کے ضلع سرویکئی کے عمومی علاقے میں دیسی ساختہ بم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2بہادر جوان شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں کے نام سپاہی بنارس خان (عمر 23 سال، ساکن ضلع اورکزئی) اور سپاہی عبدالکریم (عمر23 سال، ساکن ضلع خیبر) ہیں۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ "علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔