خیبرپختونخوا میں رواں سال دہشتگردی کے واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سمیت 455 افراد شہید ہوئے

152
CTD
CTD

پشاور۔ 21 دسمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا میں رواں سال کے دوران اب تک دہشت گردی کے واقعات میں شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سمیت 455 افراد شہید ہوئے۔سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق سال 2023 میں دہشت گردی کے 572 واقعات رونما ہوئے جب کہ 2022 میں یہ تعداد 495 تھی۔

ان واقعات میں سب سے زیادہ جنوبی اضلاع متاثر ہوئے، ڈیرہ اسماعیل خان میں سب سے زیادہ 87 حملے ہوئے، اسی طرح قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں 79 جب کہ خیبرمیں 72 اور پشاور میں 52 دہشت گرد حملے ہوئے۔

دہشتگرد حملوں میں عام شہری،سکیورٹی فورسز اور پولیس سمیت 455 افراد شہید جب کہ ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے جن میں سب سے زیادہ پولیس کے 179 اہلکار شہید اور 406 زخمی ہوئے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمران شاہد کے مطابق خیبر پختونخوا میں سال بھر ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں زیادہ تر افغان باشندے ملوث تھے۔

سال 2023 میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے جانب سے 2000 سے زائد انٹیلجنس بیسڈ آپریشنز کئے گئے، جب کہ 38 خطرناک اور 800 سے زائد دہشت گرد گرفتار کیے گئے، 300 کے قریب مارے گئے اور اسی طرح 33 دہشت گردوں کو عدالتوں سے سزائیں ہوئی۔