پشاور۔ 21 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کے مطابق پولنگ صبح 11:00 بجے شروع ہوئی اور شام 4:00 بجے تک جاری رہے گی۔خیبرپختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال کو الیکشن روم قرار دیا گیا ہے، سینیٹ انتخابات کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے دوران ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لئے حکومت اور اپوزیشن نے 6-5 …
خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے لئے پولنگ جاری

مزید خبریں
پشاور۔ 21 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کے مطابق پولنگ صبح 11:00 بجے شروع ہوئی اور شام 4:00 بجے تک جاری رہے گی۔خیبرپختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال کو الیکشن روم قرار دیا گیا ہے، سینیٹ انتخابات کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے دوران ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لئے حکومت اور اپوزیشن نے 6-5 سیٹوں کے فارمولے پر اتفاق کیا ہے۔ اس ترتیب کے مطابق حکومت کو 6 جبکہ اپوزیشن کو 5 سیٹیں ملیں گی۔خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے پانچ میں سے چار منحرف امیدوار سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
جنرل نشستوں پر حکومت کے چار اور اپوزیشن کے تین امیدوار مدمقابل ہیں۔ خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں کے لئے حکومت اور اپوزیشن دونوں نے دو دو امیدوار کھڑے کئے ہیں۔پی ٹی آئی نے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نورالحق قادری کو جنرل نشستوں کے لئے نامزد کیا ہے جب کہ روبینہ ناز اور اعظم سواتی بھی پارٹی کے امیدواروں میں شامل ہیں۔اپوزیشن کی جانب سے جنرل نشست کے امیدواروں میں مسلم لیگ ن کے نیاز احمد، پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود اور جے یو آئی کے عطاء الحق شامل ہیں۔
روبینہ خالد (پی پی پی) اور دلاور خان (جے یو آئی) بھی دوڑ میں شامل ہیں۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومت کی حمایت کرنے والے 92 اور اپوزیشن کے 53 ارکان ہیں۔ جنرل نشست جیتنے کے لئے کل 19 ووٹ درکار ہیں جبکہ خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں کے لئے 49 ووٹ درکار ہیں۔اپوزیشن کو تیسری جنرل نشست جیتنے کے لئے 4 اضافی ووٹ درکار ہوں گے۔ 5 میں سے 4 ناراض ارکان کے دستبردار ہونے کے بعد خرم ذیشان جنرل نشست کی دوڑ میں شامل ہیں۔







