پشاور۔13فروری (اے پی پی):خیبرپختونخوا میں صحت کے شعبے کے تحت مجموعی طور پر 166 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 23 ارب روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔سرکاری دستاویز کے مطابق شعبہ صحت میں 48 منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جو رواں مالی سال کے آخر تک مکمل کر لئے جائیں گے۔ ان منصوبوں میں بنوں میڈیکل کالج ،
فاونٹین ہاوس پشاور،کے ایم یو انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی ، ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال بنوں کی بحالی، تیرا باغ میدان میں ٹائپ ڈی ہسپتال کا قیام ، ضم اضلاع میں بنیادی مراکز صحت کی بحالی سمیت ہسپتالوں کے قیام اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے دیگر منصوبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صوبہ بھر میں دیہی مراکز صحت اور بی ایچ یوز کی بحالی اور بہتری کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔
جن کے تحت 47 آر ایچ سیز اور 200 بی ایچ یوز کو دن میں 24 گھنٹوں کے لئے فعال بنایا جائے گا۔ اسی طرح تیمرگرہ میڈیکل کالج کے قیام کا منصوبہ بھی رواں سال جون تک مکمل کرلیا جائیگا۔ ہسپتالوں اور طبی مراکز کی آوٹ سورسنگ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ ہیلتھ فاونڈیشن کے ذریعے اب تک 10 طبی سہولیات کو آوٹ سورس کیا گیا ہے جن میں 6 کٹیگری ڈی ہسپتال 1 تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال1ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال 1رورل ہیلتھ سنٹر اور1ماڈل ہسپتال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 9 مزید ہسپتالوں کی آوٹ سورسنگ کا عمل بھی رواں سال مارچ کے پہلے ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا۔