خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

135
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

پشاور۔ 22 جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی ہے، پی ڈی ایم اے کے مراسلے کے مطابق بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے،

ضلعی انتظامیہ چھوٹی، بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائے ،بارشوں سے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، ڈی آئی خان کے بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے تاہم برساتی نالوں کی نگرانی کی جائے اور طوفان کی صورت میں عوام بجلی کے تاروں، کمزور تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی کمیونٹیز کو ایڈوائزری کی ترسیل یقینی بنائی جائے،

پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں، تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سڑک کی بندش سے بچنے کے لیے ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔ انتظامیہ مون سون کے دوسرے سپیل کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کرے۔