خیبرپختونخوا میں کلائمیٹ چینج کے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے ، صوبائی وزیر ماحولیات

105
خیبرپختونخوا میں کلائمیٹ چینج کے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے ، صوبائی وزیر ماحولیات

پشاور۔ 05 اپریل (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر برائے جنگلات، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلی حیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر ایوارڈ یافتہ صحافی عارف احمد سے ملاقات کی۔

صوبائی وزیر نے عارف احمد کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں سوات سے کلائمیٹ چینج کے موضوع پر ایوارڈ حاصل کرنا اہل علاقہ باالخصوص سوات کی صحافی برادری کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے،

دوران گفتگو صوبائی وزیر اور صحافی عارف احمد کے درمیان کلائمیٹ چینج کے موضوع پر تبادلہ خیال ہوا،فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ کلائمیٹ بحران اس وقت پوری دنیا کیلئے چیلنج بن چکا ہے ہماری کوشش ہوگی کہ خیبرپختونخوا میں اس مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی طرف لے جائیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بلین ٹری پلس منصوبے کے ذریعے خیبرپختونخوا کو سر سبز و شاداب بنائیں گے، درختوں کی اہمیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں درخت جتنے زیادہ ہوں گے اتنا ہی ماحول صاف ہوگا اور قدرتی آفات کے خطرات کم تر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج کے باعث وادی سوات کو سیلاب کی شکل میں بے تحاشہ نقصان اٹھانا پڑا ہے ہماری کوشش ہوگی کہ اس مسئلہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔