پشاور۔ 01 نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا زاہد چن زیب نے کہاہے کہ اسلام آباد میں شروع ہونیو الے سالانہ فوک فیسٹیول لوک میلہ میں خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی امسال اپنا پویلین سجائے گی جس میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ہنر مندوں کو نہ صرف اپنا ہنر دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملےگا بلکہ اپنی دستکاری اشیاء فروخت کرکے کاروبار بھی کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے کانفرنس روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس عمر ارشد خان،منیجر ایونٹس حسینہ شوکت سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہاکہ 8 نومبرسے اسلام آباد میں شروع ہونے والے لوک میلہ میں ملک بھر سے ہنر مند شریک ہوں گے۔ خیبرپختونخوا کے مٹلف اضلاع سے ہنرمندوں کو اپنا ہنر پیش کرنے اور دنیا کو خیبرپختونخوا کی جانب سے ایک مثبت پیغام دینے کیلئے شرکت کرنے کا موقع ملے گا۔مشیر سیاحت نے کہا کہ خیبرپختونخوا گزشتہ دو سال سے فوک فیسٹیول لوک میلہ میں بہترین صوبے کا ایوارڈیافتہ رہا ہے اور رواں سال بھی ہماری کوشش ہے کہ بہترین پویلین کا ایوارڈ خیبرپختونخوا کوملے ۔
ڈی جی ٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر نے کہاکہ میلے میں ہر سال لاکھوں کی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح پویلین کا رخ کرتے ہیں۔ خیبرپختونخوا پویلین میں ہنرمندوں کے 25 سے زائد دستکاری و ثقافتی اشیاء کے سٹالز لگائے جا رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ خیبرپختونخوا کے روایتی کھانے پینڈا، چپلی کباب، تکہ بوٹی،چکن بوٹی سمیت کیلاشی ثقافت کا روایتی ڈانس اوررباب موسیقی شامل کیاہے۔
پویلین میں مختلف سیاحتی مقامات اور صوبے کے روایتی کھانوں کی ویڈیوز اور ڈاکومنٹریزبھی دکھائی جائیں گی جبکہ سیاحتی مقامات کی معلومات کیلئے انفارمیشن ڈیسک بھی سجایا جائے گا۔لوک میلہ میں خیبرپختونخوا پویلین کی محفل موسیقی 13نومبر کو ہوگی جس میں خیبرپختونخوا کے گلوکار پرفارم کریں گے۔ ڈی جی ٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر نے کہا کہ میلہ میں شرکت کا مقصد صوبے کا سافٹ ایمیج پیش کرنا، دنیا کو صوبے کے بھرپور ثقافتی و روایتی ورثہ سے آگاہ کرنا اور صوبے کے فنکاروں کی سپورٹ کرنا ہے۔