پشاور۔ 30 مئی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام خیبرپختونخوا کی بلند ترین تریچ میر چوٹی سر کرنے کی 75ویں سالگرہ کے موقع پرتقریب کا انعقاد کیاگیا،جس میں سال 2025-26 کو تریچ میر سال منانے کیساتھ ساتھ مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم، ممبر قومی اسمبلی فیصل امین خان گنڈاپور، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف، ڈپٹی ہیڈآف مشن ناروے تھامس ڈار، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی آفتاب رانا، ماؤنٹین ویلڈرنس انٹرنیشنل کے کارلو البرٹو پینالی اور دیگر بھی موجود تھے۔
تقریب میں خیبرپختونخواسے تعلق رکھنے والے طیب سید، عباس اور دیگرکو کوہ پیماؤں کو بھی مدعو کیا گیا جنہوں نے 1991 میں جاپان کیساتھ مل کر چوٹی سرکرنے کی مشترکہ کوشش کی اور صرف 100 میٹر کے کم فاصلے کو سر نہ کر سکے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف اور ماؤنٹین ویلڈرنس انٹرنیشنل کے کارلو البرٹو پینالی(Carlo Alberto Pinelli) نشان امتیاز نے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہاکہ خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کو ایونٹ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتاہوں کہ ایک بہترین موقع پر75ویں سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواحکومت نے کوہ پیماؤں کیلئے دوسال کی رائلٹی فیس معافی کا بھی اعلان کیا ہے جس سے اب دنیا بھر سے کوہ پیماء بلندترین چوٹیاں سر کرنے کیلئے پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا کا رخ کرسکتے ہیں۔
کارلو البرٹو پینالی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم صرف چترال میں نہیں بلکہ سوات میں بھی تربیتی سیشن کا انعقاد کرینگے۔ ماؤنٹین ویلڈرنس انٹرنیشنل بین الاقوامی سطح پر کوہ پیماؤں کو تربیت فراہم کرتی ہے۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفیر، مردو خواتین، سیاحت کے شعبے سے منسلک سٹیک ہولڈرز اور دیگر بھی شریک تھے۔