خیبرپختونخوا کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام تخت بھائی ٹرین سفاری کل روانہ ہوگی

100
Khyber Pakhtunkhwa Culture and Tourism Authority

پشاور۔ 12 اپریل (اے پی پی):خیبرپختونخوا کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام تخت بھائی ٹرین سفاری کل 13 اپریل کو روانہ ہوگی جبکہ ریلوے ٹرین 14 اپریل کو اٹک خورد تک چلائی جائے گی۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں ڈائریکٹر جنرل ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت نے کہا کہ عیدالفطر پر سیاحوں کیلئے خصوصی ٹرین سفاری چلا رہے ہیں، سیاحوں کو پشاور صدر ریلوے سٹیشن سے تخت بھائی ریلوے سٹیشن تک سیر کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین سفاری میں 130 سے زائد فیمیلز سیر و تفریح کریں گی، سیاحوں کو دوران سفر مختلف مقامات کی سیروتفریح کرائی جائے گی۔

ڈی جی ٹورازم اتھارٹی نے کہا کہ سیاح یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دیئے جانے والی سائٹ تخت بھائی کے آثارِ قدیمہ کی سیر بھی کرینگے،خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے یہ دوسری ٹرین سفاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر پر مختلف مقامات پر سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور ٹورازم پولیس کے نوجوان بھی سیاحتی مقامات پر موجود ہیں۔