پشاور۔ 08 دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت،ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا زاہد چن زیب نے کہاہے کہ ضم اضلاع میں سیاحتی و ثقافتی سرگرمیوں کا آغا زکررہے ہیں تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو بھی صحت مند سرگرمیوں میں ساتھ شامل کیا جائے۔ ضم اضلاع میں سیاحت کا فروغ اور دنیا کو امن کا مثبت پیغام دینا اولین ترجیح ہے۔
اسی سلسلے میں باجوڑ میں دو روزہ فیسٹیول کا انعقاد کر رہے ہیں جو کہ 14 اور15 دسمبر کو باجوڑ خار میں منعقد ہوگا۔فیسٹیول کا انعقاد خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، ٹورازم اتھارٹی ضم اضلاع ونگ، ضلعی انتظامیہ باجوڑ اور باجوڑ سکاؤٹس کے باہمی اشتراک سے باجوڑ سپورٹس کمپلیکس خار میں کیا جائے گا۔
باجوڑ فیسٹیول میں سائیکل ریس، مارشل آرٹس مقابلے، کبڈی، سکول بچوں کے ٹیبلو شامل ہیں جبکہ اس کیساتھ ساتھ بچوں کیلئے پلے لینڈ ایئریا، مزاحیہ خاکے، مشاعرہ، روایتی اتنڑ ڈانس، محفل موسیقی اور کھانے پینے کے سٹالز سجائے جائینگے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ باجوڑ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد صوبے کے ضم اضلاع میں کھیلوں سمیت صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد ،سیاحتی مقامات کو فروغ، نوجوانوں کی صحت مند سرگرمیوں میں شمولیت اور صوبے سے دنیا کو مثبت پیغام دینا ہے۔
خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور ٹورازم ضم اضلاع ونگ اس سے قبل بھی صوبے کے ضم اضلاع میں مختلف سرگرمیوں کاانعقاد کرچکا ہے جس میں ڈسٹرکٹ خیبر، اورکزئی، وانا، ٹانگ، وزیرستان سمیت دیگر علاقے شامل ہیں جہاں نہ صرف کھیلوں کی سرگرمیوں کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا بلکہ ساتھ ہی سیاحت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔