خیبرپختونخوا کے بارے میں قومی اداروں کی رپورٹ چشم کشااور پریشان کن ، ایک سال میں پختونخوامیں دہشت گردی کے300 واقعات کا ہونا سنگین صورتحال کا عکاس ہے ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان

210
وفاقی وزیر داخلہ کی ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت
وفاقی وزیر داخلہ کی ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا کے بارے میں قومی اداروں کی رپورٹ کو چشم کشااور پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال میں پختونخوامیں دہشت گردی کے300 واقعات کا ہونا سنگین صورتحال ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت سوئی ہوئی ہے ، خیبر پختونخوا میں ملازمین کی تنخواہ اور پینشن کے نہ ہی شہداءکے لئے پیسے ہیں، 9 سال میں کے پی میں یہ ترقی ہوئی؟وفاق پر حملے کے لئے بندوقیں اور بندے جمع کرنے والوں نے سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ کی مضبوطی کے لئے کچھ نہیں کیا ،وفاق نے بھی خیبرپختونخوا کو پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار میں اضافے کی پیشکش کی تھی لیکن آج تک جواب نہیں ملا ۔

پیر کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ سی ٹی ڈی شہداءپیکج پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 150 فیصد کا فرق کیوں ہے؟ صوبائی حکومت آنکھیں بند کئے کیوں بیٹھی رہی؟سی ٹی ڈی پنجاب اور سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی تنخواہوں میں 70 فیصد کا فرق ہے لیکن صوبائی حکومت نے آج تک اس پر بات نہیں کی ،سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے لئے کوئی ٹریننگ سکول ہی موجود نہیں، 9 سال میں کیوں اس پر توجہ نہ دی گئی؟ پورے صوبے میں ’ایس ایس پی‘ رینک کے صرف ایک افسرکا تعینات ہونا عمران خان اور وزیراعلی کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر عمران خان اینڈ راشی کمپنی کا رویہ مجرمانہ اور دہشت گردوں کی مدد کے مترادف ہے ،گھڑیاں چوری کرنے کا ٹائم تھا لیکن عوام کو دہشت گردوں سے بچانے کا ٹائم نہیں تھا؟خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے۔

وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ عمران خان کو وفاق اور اداروں سے لڑنے سے فرصت ملے تو دہشت گردی کے مقابلے پر غور کرے ،پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا میں 9 سال سے حکومت مسلط ہے اور کارکردگی صفر بٹا صفر ہے ،عمران خان کی نالائقی اور کرپشن کی قیمت خیبرپختونخواہ دہشت گردی کی صورت ادا کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے میں اور دہشت گرد خیبرپختونخوا کے بے گناہ عوام کو قتل کرنے میں مصروف ہیں۔