پراونشل ڈیزائسٹرمینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا نے بیشتر اضلاع میں مزیدبارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق 18سے 20 مارچ کے دوران تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 18سے 20 مارچ تک بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

مزید خبریں
پشاور۔ 17 مارچ (اے پی پی):پراونشل ڈیزائسٹرمینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا نے بیشتر اضلاع میں مزیدبارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق 18سے 20 مارچ کے دوران تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ عید کے ایام میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں کے پیش نظر صوبہ کی تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات سے متعلق الرٹ رہنے کے لئے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق دیر اپر و لوئر، چترال اپر و لوئر، سوات، کوہستان اپر و لوئر، کولائی پالس، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ اور مہمند کے اضلاع میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ بارش کے باعث ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، بالائی و زیریں چترال، بالائی و زیریں دیر، خیبر، بالائی و زیریں کوہستان، کولائی پالس، کرم، ملاکنڈ، مانسہرہ، مہمند، اورکزئی، شانگلہ، سوات، تورغر اور شمالی وزیرستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بعض حساس مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کا بھی خدشہ ہے۔
جاری اعلامیہ میں تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضروری احتیاطی اقدامات، نکاسی آب کے نظام کی صفائی، مقامی آبادی، سیاحوں اور مسافروں کو بروقت آگاہی فراہم کی جائے، جبکہ کاشتکاروں، مال مویشی پال حضرات کو فصلوں اور جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔








