راولپنڈی ٹریفک پولیس نے پاکستان، سری لنکا ٹی ٹوئنٹی اور سہ ملکی کرکٹ سیریز کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے
پاکستان، سری لنکا ٹی ٹوئنٹی اور سہ ملکی کرکٹ سیریز، راولپنڈی ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا

مزید خبریں
راولپنڈی ۔5اکتوبر (اے پی پی):راولپنڈی ٹریفک پولیس نے پاکستان، سری لنکا ٹی ٹوئنٹی اور سہ ملکی کرکٹ سیریز کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کا پہلا پریکٹس میچ کل 6 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ کرکٹ اور پریکٹس میچز کے دوران ٹریفک پولیس کے 315 سے زائد اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے اضافی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ٹیموں کی موومنٹ کے وقت ٹریفک کو کم سے کم وقت کے لیے متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ دورانِ موومنٹ اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب موڑا جائے گا۔راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو تین مختلف مقامات سے مرحلہ وار ڈائیورٹ کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں سکستھ روڈ، دوسرے مرحلے میں رحمان آباد اور تیسرے مرحلے میں چاندنی چوک سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر بھیجا جائے گا۔دورانِ میچ سٹیڈیم روڈ، نائنتھ ایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک دونوں اطراف سے مکمل بند رہے گی۔ اسلام آباد سے اسٹیڈیم روڈ اور نائنتھ ایونیو آنے والی ٹریفک فیض آباد اور آئی جے پی روڈ کے ذریعے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی جبکہ نائنتھ ایونیو سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ فیض آباد اسلام آباد جا سکے گی۔ٹریفک پولیس کے مطابق شائقینِ کرکٹ کے لیے تین مقامات پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ دورانِ میچز شہر میں ٹریفک کی صورتحال کے حوالے سے آفیشل پیجز اور ریڈیو سٹیشن کے ذریعے شہریوں کو مکمل آگاہی فراہم کی جائے گی۔سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم نے کہا کہ دورانِ میچز شہر میں ٹریفک کی روانی ٹریفک پولیس کے ساتھ شہریوں کے تعاون سے بھی مشروط ہے۔
ٹریفک پولیس شہر میں ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔








