پشاور۔ 07 مئی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے تمام ہسپتالوں میں موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر کے تمام طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر کے تمام ضلعی ہیلتھ افسران، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور ریجنل بلڈ سینٹرز کے انچارجز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ڈی جی ہیلتھ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام ہسپتالوں، بشمول دیہی مراکز صحت اور ٹراما سینٹرز میں ایمرجنسی رسپانس پلانز کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام طبی سہولیات ماس کیجولٹی موڈ پر منتقل کی جائیں تاکہ کسی بھی بڑے حادثے یا ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ اینٹی بائیوٹکس، سرجیکل کٹس، جلے ہوئے مریضوں کے علاج کا سامان اور خون کی بوتلوں کا ذخیرہ فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ ڈی جی ہیلتھ کی جانب سے جاری ہدایات میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی 24 گھنٹے کی ڈیوٹی شیڈول ترتیب دی جائے، جبکہ طبی عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
موجودہ صورتحال میں ذہنی دباؤ اور صدمے سے متاثرہ افراد کے لیے نفسیاتی معاونت کی ٹیموں کو الرٹ رہنے کی ِخصوصی ہدایت کی گئی ہے، تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آج شام تک اپنی تیاری رپورٹ جمع کروائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593810