خیبرپختونخوا کے لیے پی ٹی آئی کا وجود باعث شرمندگی ثابت ہوا، ورلڈ فوڈ پروگرام نے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا حکومت کی کرپشن بے نقاب کر دی۔انجینئر امیر مقام

128
Engineer Amir Maqam
Engineer Amir Maqam

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران و صدر ن لیگ خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لیے پی ٹی آئی کا وجود باعث شرمندگی ثابت ہوا، ورلڈ فوڈ پروگرام نے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا حکومت کی کرپشن بے نقاب کر دی۔

بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بے نظیر نشوونما پروگرام میں 2 ارب 66 کروڑ کی کرپشن پکڑی گئی، پی ٹی آئی خیبرپختونخوا حکومت نے گھوسٹ ملازمین کے ذریعے عالمی امداد کا پروگرام بند کروایا۔امیر مقام نے کہا کہ غریب مائوں اور بچوں کے امدادی پروگرام میں کرپشن قوم کے ساتھ ظلم ہے،پی ٹی آئی خیبرپختونخوا حکومت کی کرپشن نے عالمی سطح پر پاکستان کو شرمندہ کیا۔

امیر مقام نے کہا کہ 2 ارب 66 کروڑ کی کرپشن کے باعث عالمی اداروں کا اعتماد مجروح ہوا،پی ٹی آئی کی ناکامی نے خیبرپختونخوا کے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا، بے نظیر نشوونما پروگرام میں بدعنوانی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح کے عالمی منصوبے کو کرپشن کے باعث بند کرنا المیہ ہے۔