اسلام آباد ۔ 7 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و چیئرمین پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نقش قدم پر پی ٹی ڈی سی قومی سطح پر سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ایپلی کیشن ( ایپ)جاری کرے گی جس سے مقامی اور غیرملکی سیاحوں کو تفریحی مقامات کی طرف راغب کرنے اور انہیں معلومات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ اتوار کو یہاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحت کے حقیقی استعداد سے فائدہ اٹھانے کے لئے حکومت اس شعبہ میں جدید ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔