اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے مختلف طبقات کی نمائندگی کرنے والے ایک کاروباری وفد نے صوبے کی تاجر برادری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا دورہ کیا۔ وفد میں جی اے آئی اے انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کی سی ای او سمیرا خان، سی ای او اسٹارکو پرائیویٹ لمیٹڈفرہاد اسفندیار، سی ای او اے جے ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ عفان عزیز، سی ای او سیف انرجی لمیٹڈجہانگیر سیف اللہ، سرحد چیمبر کامرس اینڈ انڈسٹریز سے فواد اسحاق، سی ای او آر ایم آئی شفیق الرحمان، سی ای او ایکسس مال شفیق آفریدی، سی ای او چراٹ سیمنٹ یاسر مسعود اور سی ای او پریمیئر شوگر ملز اسکندر خان شامل تھے۔
منگل کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق وفد کا ایس آئی ایف سی کی سینئر قیادت نے خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں صنعتوں (سیمنٹ، ٹیکسٹائل، پیکجنگ، شوگر، آئل اینڈ گیس، آٹو وغیرہ)، آئی ٹی، توانائی، سیاحت، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں سے متعلق اہم پالیسی امور پر غور کیا گیا۔ فورم نے خیبرپختونخوا کی تاجر برادری کو درپیش مسائل پر غور کیا اور چیلنجوں کو کم کرکے اور تقابلی فوائد اور مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صنعتی ترقی اور تجارت میں توسیع کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفد نے میکرو اکنامک استحکام اور سرمایہ کاری کے ماحولیاتی نظام میں بہتری کے لیے ایس آئی ایف سی کی اہم شراکت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ فورم نے تمام وفاقی اور صوبائی اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم کے ذریعے ایک پائیدار مشغولیت اور تعاون کے لیے اتفاق رائے پیدا کریں اور ملکی معیشت کی بہتری کے لیے مؤثر حل نکالیں۔
اس سرگرمی نے ایس آئی ایف سی اور خیبرپختونخوا کی تاجر برادری کے درمیان بات چیت کا ایک بہترین موقع فراہم کیا جس سے صنعتی ترقی کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔