خیبرپختونخوا کے 11 اضلاع میں سیلاب اور گلیشیئر پھٹنے کا خدشہ،پی ڈی ایم اے مون سون الرٹ

122
PDMA
PDMA

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے مون سون الرٹ جاری کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے گیارہ اضلاع میں ممکنہ سیلاب اور گلیشیئر پھٹنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ ایک نجی نیوز چینل کے مطابق پی ڈی ایم اے نے صوبے کی تمام ضلعی انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک اور تیز بارش کا امکان ہے۔ نشیبی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں اور سیلاب کا بھی امکان ہے۔ متاثر ہونے والے اضلاع میں سوات، چترال لوئر، چترال اپر، دیر اپر، دیر لوئر، چارسدہ، ڈی آئی خان، نوشہرہ، ٹانک اور شانگلہ شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے واضھ کیا ہے کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت اور گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب آسکتا ہے تاہم ابھی تک کے پی کے تمام اضلاع میں اس وقت صورتحال معمول پر ہے۔ پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ممکنہ آفات کو کم کرنے کے لیے متاثرہ اضلاع میں کنٹرول روم بھی قائم کیے جائیں گے۔