33.8 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومضلعی خبریںخیبر میڈیکل یونیورسٹی میں تھیلیسیمیا کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب...

خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں تھیلیسیمیا کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب کاانعقاد

- Advertisement -

پشاور۔ 09 مئی (اے پی پی):خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں تھیلیسیمیا کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام انسٹی ٹیوٹ آف پیتھالوجی اینڈ ڈائیگنوسٹک میڈیسن (IPDM) اور پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری نے دوستی ویلفیئر آرگنائزیشن کے تعاون سے کیا تھا۔تقریب سے کلیدی خطاب پروفیسر ڈاکٹر یاسر محمود یوسفزئی ڈائریکٹر IPDM/PHRL اور ڈاکٹر مشرف جیلانی ڈائریکٹر سینٹر فار OMIC سائنسز اسلامیہ کالج پشاور نے کیا۔

تقریب کی خاص بات ایک پینل ڈسکشن کاانعقاد تھا جس کا موضوع ’’تھیلیسیمیا کے لیے ایک ساتھ: کمیونٹیز کو متحد کرنا، مریضوں کو ترجیح دینا‘‘ تھا۔اس پینل ڈسکشن میں صحت کی دیکھ بھال اور اکیڈمی کے ماہرین کو اکٹھا کیا گیاتھا جس کے بعد سامعین کے ساتھ ایک پرکشش سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی ۔ تقریب کی ایک خاص بات اباسین یونیورسٹی کی ٹیم کی جانب سے پیش کیے گئے ڈرامے’’تھیلیسیمیا فری پاکستان‘‘کی نمائش تھی ۔ ڈاکٹر سید اعجاز علی شاہ، چیف ہیلتھ سیکٹر ریفارمز یونٹ (HSRU)محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے مہمان خصوصی کے کلمات کہے۔

- Advertisement -

مقررین نے کہا کہ تھیلیسیمیا ایک موروثی بیماری ہے جس میں جسم خون کے سرخ خلیے صحیح طور پر نہیں بنا پاتا، جس کی وجہ سے مریض کو بار بار خون کی بوتل لگوانی پڑتی ہے،یہ مرض والدین سے بچوں میں منتقل ہوتا ہے اور اگر دونوں والدین اس مرض کے کیریئر ہوں تو ان کے بچوں میں تھیلیسیمیا میجر ہونے کا خطرہ ہوتا ہے جو ایک شدید نوعیت کی بیماری ہے،مریض کوخون کی بار بارمنتقلی سے دیگر مہلک امراض جیسے ہیپاٹائٹس یا ایچ آئی وی کے خطرات بھی لاحق ہو سکتے ہیں۔

طبی ماہرین کاکہنا تھا کہ شادی سے قبل خون کے تھیلیسیمیا ٹیسٹ ،عوامی سطح پر آگاہی مہمات،سکریننگ پروگرامزاورحکومتی سرپرستی میں مفت ٹیسٹنگ اور مشاورت جیسے اقدامات کے ذریعے تھیلیسیمیا سے بچاؤ ممکن ہے۔

دوستی ویلفیئر آرگنائزیشن کے پروگرام منیجر عرفان خان نے تقریب کے اختتامی کلمات ادا کیے جبکہ تقریب کا اختتام سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے ساتھ ہوا جس میں مقررین، پینلسٹس، منتظمین اور معاونین کی قابل قدر موجودگی اور شرکت کو سراہا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594892

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں