خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی باعث تشویش ہے، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو پروگرام بابر عطائ

63
polio campaign
polio campaign

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی باعث تشویش ہے، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو پروگرام بابر عطاءنے کہا کہ لاہور کے شالیمار ٹاﺅن میں 8 سال کے بعد پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو مطلع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے سیوریج میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی باعث تشویش ہے۔ اس حوالے سے آئندہ چند دن کے دوران صوبے کی انتظامیہ سے لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو وائرس کے کیسز کے حوالے سے غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا ایک کیس باجوڑ میں بھی رپورٹ ہوا تھا جس پر انکوائری کے بعد ذمہ دار افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا۔ بابر عطاءنے کہا کہ کے پی کے کے ضلع ہنگو میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔