خیبر پختونخوا حکومت نے 192ارب74کروڑ کا ضمنی بجٹ پیش کردیا

9

پشاور۔ 13 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا حکومت نے رواں مالی سال کیلئے192ارب 74کروڑ42لاکھ38ہزار70روپے کا ضمنی بجٹ پیش کردیا ہے، جس میں سب سے زیادہ 150ارب روپے حکومتی سرمایہ کاری کی مد میں خرچ ہوئے ہیں اسی طرح محکمہ سماجی بہبود و خصوصی تعلیم پر10ارب86کروڑ ، وفاقی حکومت کو بیرونی قرضہ جات کے اصل زر کی واپسی کی مد میں2ارب50کروڑ اور قرضہ جات کی پیشگی ادائیگیوں کی مد میں 3ارب 10کروڑ روپے شامل ہیں۔ وزیر خزانہ و قانون آفتاب عالم نے گزشتہ روز صوبائی اسمبلی میں ضمنی بجٹ پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ انتظامیہ کو ملازمین کی تنخواہوں میں یوٹیلٹی الاؤنس ، ایگزیکٹو الاؤنس، ہاؤس رینٹ، پی او ایل، بجلی کے بل اور گاڑیوں کی خریداری کی مد میں فنڈز کی فراہمی کی غر ض سے مجموعی طورپر54کروڑ 55لاکھ کی اضافی رقم جاری کی گئی

محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کو 6کروڑ 10، محکمہ داخلہ کو26کروڑ، محکمہ جیل خانہ جات کو ایک ارب58کروڑ روپے قیدیوں کی غذائی اخراجات اور پانچ جیلوں کی سکیورٹی کےلئے جدید الات کے حصول کیلئے جاری کی گئی ،، عدلیہ میں مجموعی طور پر 2ارب 73کروڑ ، محکمہ اعلیٰ تعلیم کو1ارب93کروڑ، محکمہ مواصلات کو ایک ارب60کروڑ ، پبلک ہیلتھ کو ایک ارب9کروڑ، محکمہ بلدیات کو2ارب87کروڑ روپے کے اضافی فنڈز جاری کئے گئے، گندم کی بین الصوبائی ترسیل کےلئے سبسڈی کی مد میں 59کروڑ کی اضافی رقم ادا کی گئی ، صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران وفاقی حکومت کو بیرونی قرضہ جات کے اصل زر کی واپسی کی مد میں2ارب 50کروڑ روپے اور قرضہ جات و پیشگی ادائیگیوں کےلئے3ارب روپے جاری کئے