ڈیرہ اسماعیل خان ۔ 09 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن کا قیام پہلی ترجیح ہے ،صوبائی حکومت ڈیرہ میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں روڑے اٹکا رہی ہے ، فیلڈ مارشل کے اعزاز میں ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صرف ایک جماعت موجود نہیں تھی ، قیام امن پہلی ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ کنڈی ماڈل فارم پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر میں تمام پاکستانیوں،امت مسلمہ اور سرحدوں، چیک پوسٹوں پر ریاست، شہریوں کی حفاظت کرنیوالوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں ، ۔ان شہیدوں کو سلام جنہوں نے معرکہ حق میں انڈیا کو سبق سکھایا اور دنیا پاکستان سے جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل جنگ میں پاکستان کی حمایت کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کررہے ہیں، ایک وفد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں امریکہ اور دیگر ممالک کے دورہ پر ہیں ۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سفارتی محاذ پر اپنے نانا اور والدہ کی یاد تا زہ کی ہے اور ثابت کیا کہ بھٹو خاندان ہر وقت پاکستان کے دفاع کے لئے مثالی کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں پاکستانی میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہمارا میڈیا ذمہ دارانہ کردار ادا کررہا تھا جبکہ انڈیا کا میڈیا ایک بالی ووڈ فلم کا منظر پیش کررہا تھا ۔گورنر ہاس میں ایک تقریب اسی ماہ کی جارہی ہے جس میں میڈیا سمیت دیگر افراد کو ایوارڈز دیئے جائیں گے ۔ جو فوج انڈیا کو 78 گھنٹوں میں سبق سکھا سکتی ہے اس کے لئے دہشت گرد کیا چیز ہیں ،صرف اجتماعی نقصان سے بچنے کے لئے احتیاط کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے واضح کہا کہ سات سو ارب روپے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبہ خیبر پختونخوا کو ملے مگر وہ رقم کہاں گئی ، تحریک انصاف دونوں ہاتھوں سے صوبہ کے وسائل کو لوٹ رہی ہے ۔ ہمارے 26 مئی کو پشاور احتجاج پر لاٹھی چارج کیا گیا مگر ہم نو مئی والے نہیں جنہوں نے جی ایچ کیو ، کور کمانڈر ہاس ، فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ، یہ جرات کریں اسلام آباد میں مارچ کرکے دکھائیں انکے خانہ بدوش کے پی ہاؤس میں چھپے ہیں وہ بتائیں کس تاریخ کو میدان مین نکل رہے ہیں۔
وزیر اعظم صوبائی حکومت کو براہ راست فنڈز دینے کے بجائے براہ راست ضم شدہ اضلاع کو فنڈز دیں ،صوبہ میں ایک میگا پراجیکٹ وزیر اعلیٰ نے دیا ہو تو بتائیں،۔چشمہ لفٹ کینال دیواروں پر لکھا جاتا تھا مگر ہم نے عملی اقدام کیئے جلد افتتاح کیا جائے گا۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا جلد افتتاح ہوگا ۔اگر چہ صوبائی حکومت اسکی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ امن و امان کی یہ صورت حال ہے کہ سی پیک محفوظ نہیں دہشت گردی کے ہر واقعہ اور ہر چیز کا رخ کلاچی ہتھالہ کیوں جاتا ہے ، مجھے امید ہے کہ فیلڈ مارشل جلد ہی مکمل امن قائم کر دینگے ۔ پاک بھارت جنگ میں تحریک انصاف کے راہنما بھی بہت بولتے تھے کہ تیل کہاں سے آئے گا ، دفاعی بجٹ کہاں جاتا ہے ؟ ایسی باتیں کرنے والوں کو بنیان المرصوص کی کامیابی کی صورت میں جواب مل کیا۔
مگر تیرہ سال سے صوبہ کا فنڈ کہاں جارہا ہے اسکا جواب کون دے گا ، انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں اپوزیشن کو فنڈز نہیں مل رہے، ان کے اپنے ممبران رو رہے ہیں ،کمیشن دینے والے ممبران کو فنڈز ملتے ہیں ۔ مخصوص نشستوں کا فیصلہ جلد آنے والا ہے وہ نشستیں ان کا حق نہیں بنتا۔ امید ہے حکومت اور خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کے حق میں ہی عدالتی فیصلہ آئے گا۔
عید کے موقع پر ایوان صدر میں صدر پاکستان سے ملاقات کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ صدر زرداری سے عید کی نماز کے بعد خیبرپختونخوا کے مالیاتی سیکنڈل ، بدترین نظام حکومت اور دیگر معاملات پر بات چیت ہوئی، ہم صوبہ میں امن چاہتے ہیں ہمارے نوجوانوں کو یہاں وہی سہولیات ملیں جو اسلام آباد اور کراچی کے نوجوانوں کو میسر ہیں، ہماری ترجیح امن ہے۔