اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی (کے پی سی ٹی اے) اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، فرنٹیئر 44xکلب اور پاک فوج کے زیر اہتمام اتوار کو کالام میں ایک سنسنی خیز جیپ ریلی کا آغاز ہو گیا۔ ایک نجی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق ایونٹ میں چار کیٹیگریز بشمول 2500 سی سی اور 2500 سی سی سے بڑی ، ونٹیج گاڑیاں اور خواتین کی ایک خصوصی کیٹیگری شامل ہیں۔کے پی سی ٹی اے اور فرنٹیئر 44xکلب کی نگرانی میں 50 سے زائد جیپوں کا ایک قافلہ پہلے ہی کالام پہنچ چکا ہے جو دلچسپ مہم جوئی سے لطف اندوز ہو رہا ہے۔منتظمین نے کہا کہ کہ ریلی کا مقصد علاقے میں موسم سرما اور ایڈونچر سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے صوبے کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی رونق کو فروغ دینے کے لیے جاری کوششوں کے طور پر شندور ٹاپ پر آئس ہاکی، کرلنگ اور سپیڈ سکیٹنگ کے مقابلوں سمیت ماضی کے ایونٹس کے کامیاب انعقاد پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ کالام موسم گرما اور موسم سرما کی سیاحت کے لیے ایک اہم مقام بن چکا ہے جو یہاں کی برف باری اور دلکش قدرتی مناظر کا تجربہ کرنے کے خواہشمند سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتا ہے۔واضح رہے کہ حکومت کے اقدامات سے سیاحوں کی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ سال 20 ملین سے زائد سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی جبکہ رواں س سال اس میں خاطر خواہ اضافہ کی توقع ہے۔