22.1 C
Islamabad
اتوار, جون 1, 2025
ہومقومی خبریںخیبر پختونخوا میں بدعنوانی اور ناقص گورننس نے عوامی مشکلات میں اضافہ...

خیبر پختونخوا میں بدعنوانی اور ناقص گورننس نے عوامی مشکلات میں اضافہ کیا، اختیار ولی خان

- Advertisement -

پشاور۔ 30 مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و امور خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خیبرپختونخوا میں 12 سالہ دور حکومت میں کرپشن، بدانتظامی اور ناکام وعدوں کو پی ٹی آئی کی میراث قرار دیا ہے. چارسدہ کے علاقے وردگہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں وسیع پیمانے پر کرپشن، صحت عامہ اور تعلیم کے شعبوں میں ناقص سروس ڈیلیوری اور مجموعی طور پر کمزور گورننس نے خیبرپختونخوا میں لوگوں کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی صوبے میں اپنی منفی سیاسی بیان بازی، بے بنیاد الزامات اور وعدوں کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے عوامی حمایت کھو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والی جماعت اب حکومت کے خلاف کسی سنجیدہ سیاسی تحریک کی قیادت کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہی۔ اختیار ولی نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے سیاسی انتقام، ادارہ جاتی حکمرانی میں خرابی اور معاشی بدانتظامی نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچایا تاہم انہوں نے اقتصادی ٹیم کی انتھک کوششوں سے معیشت کو مستحکم کرنے اور مالیاتی بحران سے بچنے کا سہرا وزیراعظم محمد شہباز شریف کو دیا۔ وفاقی حکومت کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اختیار ولی نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملک کے مالیاتی اشاریے اگلے دو سالوں میں بہتر ہوتے رہیں گے اور یقین دلایا کہ آنے والا بجٹ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے گا۔

- Advertisement -

نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کی کہ وہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر اور 10 ملین ملازمتیں جیسے اہم وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے صوبے کے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے منتخب پی ٹی آئی کے نمائندوں کو ان نا مکمل وعدوں کے بارے میں جوابدہ بنائیں۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے بامعنی سیاسی مکالمے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی نے ماضی میں مفاہمت کی کوششوں سے مسلسل گریز کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل کے حل کےلیے مذاکرات ہی واحد جمہوری راستہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے ناکام لانگ مارچ اور دھرنوں سے سبق حاصل کرے گی۔ انہوں نے بین الاقوامی دباؤ کے باوجود 28 مئی 1998 ءکو ایٹمی تجربات کرنے پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایٹمی تجربات نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603508

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں