خیبر پختونخوا میں خصوصی افراد کی مالی معاونت کے لئے مالی امدادی پروگرام کا اجراء

198

پشاور۔ 08 جنوری (اے پی پی):خیبر پختونخوا حکومت نے خصوصی افراد کی مالی معاونت کے لئے 37 کروڑ روپے مالیت سے مالی امدادی پروگرام کا اجراءکر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز پروگرام کا با ضابطہ اجراءکیا۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ نے خصوصی افراد میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کئے۔ صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ کے علاوہ اراکین صوبائی اسمبلی ، محکمہ سماجی بہبود کے اعلیٰ حکام اور خصوصی افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

فنانشل اسسٹنس پروگرام کے تحت صوبے کے 37 ہزار خصوصی افراد کو فی کس 10 ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں۔  وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سرکاری کاغذات میں معذور کا لفظ لکھنے کی ممانعت ہوگی،ان افراد کے لئے تمام سرکاری کاغذات میں خصوصی افراد کا لفظ لکھا جائے۔ خصوصی افراد منفرد اور خصوصی صلاحیتوں کے مالک  ہوتے ہیں، انہیں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ خصوصی افراد سمیت معاشرے کے تمام کمزور طبقوں کی سرپرستی ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے،بے سہارا اور بے آسرا لوگوں کی ذمہ داری صوبائی حکومت لے گی۔

تقریب سے صوبائی وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ، سیکرٹری سماجی بہبود نذر حسین شاہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا