خیبر پختونخوا میں گیس پیدا کرنے والے تین اضلاع میں فلاحی سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں پر 30 کروڑ 57 لاکھ روپے سے زائد خرچ کئے جائیں گے، وزارت پٹرولیم

48

اسلام آباد ۔ 2 اکتوبر (اے پی پی) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور مول پاکستان رواں مالی سال کے دوران خیبر پختونخوا میں تین اور گیس پیدا کرنے والے اضلاع میں فلاح سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں پر 30 کروڑ 57 لاکھ روپے سے زائد خرچ کرے گی۔ وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق او جی ڈی سی ایل ضلع کوہاٹ میں سماجی ذمہ داری کے تحت ایک کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد اور ضلع کرک میں 18 کروڑ 71 لاکھ روپے سے زائد مختلف منصوبوں پر خرچ کرے گی جبکہ مول پاکستان نے کرک، ہنگو اور کوہاٹ کے اضلاع میں اس مقصد کے لئے 10 کروڑ 37 لاکھ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ او جی ڈی سی ایل گورنمنٹ ٹیکنالوجی کالج کوہاٹ میں کمپیوٹر اور لینگوئج سنٹرکے قیام کے لئے 9 لاکھ روپے سے زائد خرچ کرے گی۔ اس کے علاوہ ضلع کے مختلف علاقوں میں پانی ذخیرہ کرنے کے ساتھ ساتھ شمسی توانائی سے چلنے والے پمپ لگانے اور دور دراز علاقوں میں گیس کی ترسیل کے لئے پائپ لائن بچھانے کے لئے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔