28.8 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومقومی خبریںخیبر پختونخوا پولیس ، قوم اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے،آئی...

خیبر پختونخوا پولیس ، قوم اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے،آئی جی پی

- Advertisement -

پشاور۔ 07 مئی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید نے خیبر پختونخواہ پولیس کے افسران اور جوانوں کو اپنے اپنے سٹیشنز پر موجود اور تیار رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنے علاقہ اختیار میں فوجی حکام کے ساتھ روابط رکھتے ہوئے آپریشنل ضروریات کے مطابق مدد فراہم کرنے، ممکنہ سکیورٹی خدشات، مشکوک سرگرمیوں کے بارے انٹیلیجنس معلومات، علاقے میں گشت اور تلاشی کی کارروائیوں میں بھرپور امداد کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ امن و امان کو برقرار رکھنا اور اس کی خلاف ورزیوں کو روکنا، دہشت گرد سرگرمیوں کا سدباب، اہم بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر)،مواصلاتی نیٹ ورکس، پاور ہاؤسز اور دیگر تنصیبات کی حفاظت کی ذمہ داری ہمیں کماحقہ ادا کرنی ہوگی۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ امن و امان کے برقرار رکھنے، ضروری خدمات کے تسلسل کو یقینی بنانے اور بشرط ضرورت انخلا اور دیگر امدادی کاموں، سپلائی چین اور لاجسٹکس کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور مدد کریں۔

- Advertisement -

مزید یہ کہ ضلعی انتظامیہ اور فوجی حکام کے ساتھ محفوظ مواصلاتی رابطے اور پولیس ہیڈ کوارٹرز کو معمول کی صورتحال کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے حالات کے بارے بروقت اپڈیٹ فراہم کی جائے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ اپنے دفاع اور تحفظ کے لئے معیاری ایس او پیز پر پورا پورا عمل درآمد کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام تر تیاری کی جائے۔

آئی جی پولیس ان تیاریوں کے بارے آج صوبائی افسران سے میٹنگ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ، مسلح افواج کی معاونت اور امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور لگن سے عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے میں اہم ثابت ہوگی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593751

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں