خیبر پختونخوا پولیس میں منسٹریل سٹاف کی ترقیوں کا عمل تیز کر دیا گیا، متعدد اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی دی گئی

90

پشاور۔ 19 مارچ (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواذوالفقار حمید کی ہدایت پر محکمہ پولیس میں منسٹریل سٹاف کی ترقیوں کا عمل مزید تیز کر دیا گیا،جس کے تحت متعدد اہلکاروں کو انکی محنت اور سنیارٹی کے مطابق اگلے عہدوں پر ترقی دی گئی جس کا باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈیپارٹمنٹل سلیکشن کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا ، جس میں پولیس فورس کے مختلف یونٹ میں فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کی اسسٹنٹ گریڈ کلرک اور سٹینو گرافر کے عہدوں پر ترقی پانے کے لیے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں75سینئر کلرک کو اسسٹنٹ گریڈ کلرک اور 17سٹینو ٹائپیسٹ کو سٹینو گرافر ترقیاب کرنے کی سفارشات منظوری کے لیے آئی جی پی کو بھجوائی گئیں۔

آئی جی پی نے کمیٹی کی سفارشات کی باقاعدہ منظوری دی جس کی روشنی میں اسسٹنٹ گریڈ کلرک اور سٹینوگرافرز کی ترقی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا، جو فوری طور پر نافذالعمل رہے گا۔ سنٹرل پولیس آفس پشاور میں اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ محکمہ پولیس میں منسٹریل سٹاف کی ترقیوں کا عمل ان کی محنت اور لگن کا اعتراف ہے،جو مستقبل میں بھی جاری رہے گا،ترقی سے ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور اب وہ مزید دلجمعی اور محنت سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

آئی جی پی نے کہا کہ منسٹریل اسٹاف کی ترقی ایک دیرینہ مطالبہ تھا جسے میرٹ کی بنیاد پر پورا کیا گیا اور مزید کہا کہ میرٹ اور سینیارٹی کے مطابق ترقی ہر ملازم کا حق ہے جن کی بلا تاخیر فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔آئی جی پی ذوالفقار حمید نے ترقی پانے والے تمام ملازمین کو ترقی پر مبارکباد دی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ پہلے سے زیادہ محنت اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے کر آئندہ بھی مزید ترقی کے منازل طے کریں۔

آئی جی پی نے کہا کہ محکمہ پولیس میں تمام شعبہ جات کے ملازمین کی ترقی کا عمل تیز کیا گیا ہے تاکہ ان کو اپنی محنت کا صلہ مل سکے اور وہ مزید محنت اور لگن سے فرائض انجام دے کر محکمہ کا نام روشن کریں۔ایڈیشنل آئی جی پی آپریشنز محمد علی بابا خیل، ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز اول خان،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز رضوان منظور ، پرنسپل سٹاف آفیسر برائے آئی جی پی عمران خان اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کوکب فاروق بھی اس موقع پر موجود تھے۔