ایبٹ آباد۔ 17 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردی اور ملک دشمن عناصر کیخلاف جاری جنگ میں صف اول کا کردار ادا کیا ہے اور آخری دہشتگرد اور ملک دشمن عناصر کے خاتمہ تک سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی گی،عوام کو پولیس کی جانب سے سہولیات کی فراہمی کو مزید آسان اور موثر بنانے کے لئے ہزارہ میں بھی جلد پولیس سہولت مراکز کا آغاز کیا جائے گا جس سے عوام موبائل ایپ کے ذریعہ پولیس کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے استفادہ حاصل کرسکیں گے،جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید اصلاحات لائی جارہی ہیں جس سے کرائم کنٹرول میں معاونت مل رہی ہے
ان خیالات کا اظہار اُ نہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اسلام آباد کے زیر تربیت 37 ویں ایس ایم سی کورس کے افسران سے ملاقات کے دوران کیا جس میں ہزارہ میں لاء اینڈ آرڈر کی موجودہ صورتحال،ترقیاتی پراجیکٹس،چائنیز سیکورٹی اور خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے عوام کیلے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا،ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ منشیات فروشوں،قبضہ مافیا،ٹمبر سمگلر اور دیگر جرائم پیشہ افراد کیخلاف روز مرہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں ،پولیس ملازمین اور انکی فیملیز کو بہترین طبی و تعلیمی سہولیات کو ممکن بنانے کیلے مختلف نجی ہسپتالوں اور نجی تعلیمی اداروں کیساتھ معاہدے کیے جارہے ہیں
جن سے پولیس ملازمین و انکے اہل خانہ کو سہولیات مل رہی ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ ہزارہ میں ٹریفک مسائل ایک بڑا چیلنج ہیں جس کے حل کیلے ضلعی سطح پر پولیس،ضلعی انتظامیہ و دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو مل بیٹھ کر ٹریفک مسائل کو حل کرنے کیلے عملی اقدامات اٹھارہی ہیں جس سے ٹریفک روانی میں عوام کو خاطرخواہ بہتری نظر آئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583645