خیبر پختونخوا کےمختلف اضلاع میں غیر معیاری و ملاوٹی دودھ کے خلاف کے کریک ڈاؤن، ہزاروں لیٹر دودھ تلف
خیبر پختونخوا کےمختلف اضلاع میں غیر معیاری و ملاوٹی دودھ کے خلاف کے کریک ڈاؤن، ہزاروں لیٹر دودھ تلف

مزید خبریں
پشاور۔ 06 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں غیرمعیاری اور مضرِ صحت دودھ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر ملاوٹی دودھ تلف، بھاری جرمانے عائد اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مردان کے رشکئی انٹرچینج پر صبح سویرے ناکہ بندی کے دوران دودھ سپلائی کرنے والی گاڑیوں سے نمونے لے کر موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے جانچ پڑتال کی گئیں جسکے دوران ایک ٹینکر سے کیمیکل ملا 3,500 لیٹر دودھ برآمد ہونے پر موقع پر تلف کر دیا گیا۔
اسی طرح پشاور میں ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی سے 40 لیٹر پانی ملا دودھ برآمد ہونے پر تلف کر دیا گیا جبکہ کارروائی کے دوران 300 کلوگرام مس لیبل آئس کریم بھی ضبط کر لی گئی۔چارسدہ میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ناکہ بندی کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر جرمانے عائد کیے اور 30 لیٹر غیر معیاری دودھ ضائع کیا۔ مزید برآں ،ایک آئس کریم گاڑی سے 150 کلوگرام/لیٹر آئس کریم ضبط کرکے موقع پر تلف کر دی گئی۔
ادھر ہری پور میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کے دوران دودھ سپلائی کرنے والی گاڑیوں کی جانچ کی گئی، جہاں ایک گاڑی سے 150 لیٹر ملاوٹی دودھ برآمد ہونے پر ضائع کر دیا گیا جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف بھاری جرمانے عائد کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ۔
معاونِ خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کامیاب کاروائیوں پر فوڈ سیفٹی کو سراہا اور کہا کہ ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت خیبر پختو نخوا کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے فوڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا ۔







