پشاور۔ 11 نومبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان انتقال کر گئے۔محمد اعظم خان کو گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر پشاور کے نجی ہسپتال میں لایا گیا تھا جہاں وہ ہفتہ کے روز انتقال کر گئے۔ ان کا نماز جنازہ (آج) ہفتہ کو سہ پہر ساڑھے تین بجے پڑانگ چارسدہ میں ادا کیا جائے گا۔ہسپتال کے ترجمان اور خاندان کے اراکین نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔
محمد اعظم خان نے 21 جنوری 2023 کو بطور نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا حلف لیا تھا۔اعظم خان نے ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کے فرائض سرانجام دیئے۔ جنوری 1997 سے 6 جون 2007 تک یو این ڈی پی کے پروگرام تخفیف غربت کے ایڈوائزر تھے۔ انہوں نے 24 اکتوبر 2007 سے یکم اپریل 2008 تک بطور وزیرخزانہ خیبرپختونخوا خدمات انجام دیئے جبکہ 2018 کے نگران حکومت میں وفاقی وزیر داخلہ بھی رہے۔ محمد اعظم خان چارسدہ کے علاقے پڑانگ میں پیدا ہوئے۔
انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی جبکہ لنکن اِن کالج لندن سے بار کا امتحان پاس کیا۔ انہوں نے سول سروس امتحان پاس کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ میں شمولیت اختیار کی اور سول سروس سے چیف سیکرٹری کے عہدے پر فائز رہنے کے بعد ریٹائرڈ ہوئے۔ وہ پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وفاقی سیکرٹری بھی رہے۔