خیبر پختونخوا کے 27 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا روز ، چونسٹھ لاکھ پچیس ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے

194

پشاور۔ 10 ستمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے 27 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا روز ہے ۔پولیو ایمرجنسی آ پریشن سنٹر خیبرپختونخوا کے مطابق یہ مہم دو مراحل میں چلائی جارہی ہے ، مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 64لاکھ 25ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ،مہم کے پہلے مرحلے میں 27 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 57 لاکھ 53 ہزار 52 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔پولیو ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا کے مطابق 23 ستمبر کو شروع ہونے والے مہم کے دوسرے مرحلے کے دوران 672,000 سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ، مہم کے نفاذ کے لیے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 35,259 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ان میں 24,862 موبائل ٹیمیں، 7,300 مبصرین، 1,724 فکسڈ ٹیمیں، 1,245 ٹرانزٹ ٹیمیں اور 128 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں ۔

پولیو ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا کے مطابق ان ٹیموں کی مکمل نگرانی کے لیے 7,175 ایریا انچارجز بھی مقرر کیے گئے تاکہ ان علاقوں میں تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے ،مہم میں پولیو ٹیموں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تقریباً 50 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔دریں اثنا صوبائی دارالحکومت پشاور میں 09 ستمبر سے 15 ستمبر تک انسداد پولیو مہم جاری رہے گی جس میں 865755 بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس اہم مہم کا مقصد پشاور کو پولیو سے پاک بنانا ہے تاکہ ہمارے بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے مزید کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہماری ذمہ داری ہے اور اس کے لیے والدین کا تعاون بہت ضروری ہے۔ انہوں نے والدین سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ پولیو کے خاتمے کی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔انسداد پولیو مہم کے دوران تمام حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے گا، اور ٹیمیں ہر گلی اور محلے تک پہنچ کر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ان کی محنت اور لگن کی بدولت ہی ہم پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ رہے ہیں۔

اس حوالے سے عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ کہ انسداد پولیو مہم میں بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔اسی طرح ملک کے دیگر اضلاع کی طرح ہنگو اور اورکزئی میں بھی سخت سیکیورٹی میں قومی انسداد پولیو مہم جاری ہے، اس مہم کے دوران 716 ٹیمیں ڈیڑھ لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر مامور ہیں۔ہنگو اور اورکزئی کے اضلاع میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 51 ہزار 976 پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا عمل سخت سیکورٹی میں جاری ہے۔اس مقصد کے لیے 1124 سیکیورٹی جوانوں کو سیکیورٹی کے فرائض تفویض کیے گئے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشیر (اے سی) ہنگو اسفند یار خالد کے مطابق سول سوسائٹی پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہیں۔ضلع ہنگو میں 456 جبکہ اورکزئی میں 260 مختلف نوعیت کی پولیو ٹیمیں ٹارگٹ کے حصول کے لیے کوشاں ہیں جبکہ مانیٹرنگ کے فرائض ڈی سی اورکزئی عرفان الدین اور ڈی سی ہنگو گوہر خان وزیر ادا کر رہے ہیں۔دونوں اضلاع میں قومی پولیو مہم بغیر کسی وقفے کے 13 ستمبر تک جاری رہے گی۔