سکھر۔ 19 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر خیرپور سید احمد فواد شاہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ڈیجی دریا خان چانڈیو اور ڈرگ انسپکٹر نے تعلقہ کے مختلف میڈیکل سٹورز پر چھاپے مارے۔ اس دوران 4 میڈیکل اسٹورز کو بغیر لائسنس چلانے پر سیل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر دریا خان چانڈیو نے میڈیکل سٹورز کے مالکان کو سختی سے تنبیہ کی کہ بغیر لائسنس میڈیکل اسٹورز چلانا قانون کی خلاف ورزی ہے اور اس میں ملوث کسی بھی مالک کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر گمبٹ عزا انعام نے اشیا خوردو نوش اور ہوٹلوں میں کھانے اور روٹی کی سرکاری قیمتوں پر فروخت اور قیمتوں کی فہرست آویزاں نہ کرنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانداروں اور ہوٹل مالکان پر جرمانے عائد کیے اور موقع پر ہی جرمانہ وصول کیا۔